کرپشن الزامات پر گرفتار پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو پے رول پر رہا کر دیا گیا۔
رہنما پیپلزپارٹی سیدخورشید شاہ کی بھتیجی کےانتقال پر انہیں 4 روز کے لیے پے رول پر رہائی دی گئی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ رہائی کانوٹیفکیشن جاری بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیدخورشید شاہ کو 7 نومبر سے11نومبر تک پے رول پر رہا کیا گیا ہے، پے رول پررہائی کےدوران سکھرپولیس خورشیدشاہ کی نگرانی کرےگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ خورشیدشاہ کو 96 گھنٹے کےلیے پےرول پر رہائی دی گئی ہے۔ خورشید شاہ اپنی بھتیجی کی آخری رسومات اور سوئم میں شرکت کرسکیں گے۔
خورشید شاہ کےچھوٹےبھائی وحیدشاہ کی بیٹی علالت کے بعدانتقال کرگئی تھی جس پر وزیرٹرانسپورٹ سندھ نے حکومت کوخورشیدشاہ کی پےرول پررہائی کی درخواست کی تھی جو منظور کر لی گئی۔