پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے دورہ نیوزی لینڈ میں مداحوں سے جھگڑے پر خاموشی توڑ دی۔
نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو خوشدل شاہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں تماشائیوں کی جانب سے گالیاں دی جارہیں تھی، میں سالوں سے برداشت کررہا ہوں لیکن جب بات میرے ملک یا والدین کی ہو، تو خاموش نہیں رہ سکتا اگر دوبارہ ایسا ہوا، تو ویسا ہی ردعمل دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی مجھے 12 ویں کھلاڑی کے طور پر چھوڑ دیا گیا تھا۔ لیکن میں نے ہمیشہ اپنی خامیوں پر کام کیا ہے تاکہ جب بھی مجھے موقع ملے، میں ٹیم کے لیے ڈیلیور کر سکوں۔
30 سالہ نوجوان نے مداحوں اور میڈیا کی جانب سے خاص طور پر سوشل پلیٹ فارمز پر حمایت نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگر مجھے حمایت ملتی تو لوگ میرا مذاق نہ اڑاتے۔ سوشل میڈیا پر ناقدین میری پرفارمنس کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پہلے میرے ماضی کے ریکارڈز کا جائزہ لینا چاہیے کہ میں نے اپنا مقام کیسے کمایا۔ میں کسی کا رشتہ دار نہیں ہوں، نہ کرکٹر کا بیٹا، نہ ہی کسی سیاستدان کا کزن۔ میں ایک عاجز، معزز گھرانے سے تعلق رکھتا ہوں، طعنے مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتے، لیکن حمایت انہیں خاموش کر دیتی۔