اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات خسرو بختیار نے کہا ہے کہ تین ماہ میں سی پیک سے متعلق صنعتی تعاون کے شعبے میں پیش رفت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خسرو بختیار کی سربراہی میں سی پیک پراجیکٹس سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہ داری سے متعلق احکامات جاری کیے گئے۔
اجلاس میں اسپیشل اکنامک زونز و توانائی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، خسرو بختیار نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ’اقتصادی زونز پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔‘
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں میں بہتر کو آرڈینشن وقت کی ضرورت ہے، تمام ادارے آپس میں رابطہ بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
خسرو بختیار نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، ٹیلی کمیونی کیشن اور سروس سیکٹر کو بھی فروغ دیا جائے۔
مزید پڑھیں: سی پیک پاکستان کی صنعتی ترقی کا باعث بنے گا، چینی اخبار
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے متعلقہ اداروں کو اقتصادی زونز کا سنگ بنیاد رکھنے کا ٹاسک دیا، انھوں نے زونز کی تعمیر پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ سی پیک سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، روزگار کی فراہمی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔