اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا قومی ترقیاتی پروگرام 1837 ارب روپے کا ہوگا، بھاشا، مہمند اور داسو ڈیم منصوبوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومتی عہدیداران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ اگلے مالی سال کا وفاق کا پبلک سیکٹر ترقیاتی پروگرام925ارب ہوگا۔
اس کے علاوہ قومی ترقیاتی پروگرام1837ارب روپے کا ہوگا، جبکہ جی ڈی پی گروتھ کاہدف4فیصد ہے، وزیرمنصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ تمام علاقوں کو مساوی طریقے سے ترقی یافتہ بنانا چاہتے ہیں۔
بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر رہے ہیں۔ بجٹ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کیلئے زراعت کا بجٹ15سے20فیصد زیادہ رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نالج اکنامی کی بڑھوتی کیلئے مربوط اور جامع پروگرام لے کرآرہے ہیں، اگلے مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں علاقائی مساوی ترقی پر توجہ دی جائے گی، گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے آئندہ مالی سال میں17بلین روپے رکھےگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھاشا، مہمند اور داسو ڈیم منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیر منصوبہ بندی نے پلانٹ فار پاکستان منصوبے کے بارے میں بتایا کہ حکومت 10 ارب درختوں کی شجر کاری کیلئے 10 ارب روپے مختص کر رہی ہے۔