لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ انکوائری میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
قومی احتساب بیورو لاہور نے خواجہ آصف کے 48بنک اکاونٹس کا سراغ لگا لیا۔ اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ48 بینک اکاونٹس میں ایک ارب 45 کروڑ روپے خطیر رقم جمع کی گئی۔
یہ بنک اکاونٹس خواجہ آصف ان کی فیملی اور بے نامی داروں کے نام سے کھلوائے گئے، خواجہ آصف اور ان کی فیملی اراکین کے اکاؤنٹس داروں کے اکاؤنٹس میں 22 کروڑ 30 لاکھ کی رقوم جمع ہوئیں۔
خواجہ آصف سے دوران تفتیش سوالات کیے گئے کہ یہ بھاری رقوم کس مد میں جمع ہوئیں، نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف سے بے نامی داروں کے اکاؤنٹس میں رقوم اور روابط سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے، خواجہ آصف سے ان کے بے نامی داروں کو روبرو بٹھا کر بھی تفتیش کی جائے گی۔