اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس میں نیب نےعثمان ڈار سےخواجہ آصف کےخلاف حاصل دستاویزی ثبوت اور دیگر شواہد مانگ لیے‘ عثمان ڈارکہتےہیں نیب کےخط پرقانونی ٹیم سےمشاورت شروع کردی ہےتمام شواہدنیب کومہیا کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے عثمان ڈار سے خواجہ آصف کے خلاف ثبوت اور شواہد حاصل کرنے کے لیے عثمان ڈار سے معاونت حاصل کرنے کےلیے خط لکھ دیا ہے۔نیب نے پی ٹی آئی رہنما کوخط لکھا ہے کہ خواجہ آصف کی مبینہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے معاملے کا بغور جائزہ لیا۔عثمان ڈار انویسٹی گیشن ونگ آکرثبوت فراہم کریں۔
عثمان ڈار نے نیب کےخط کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کردی ہے،خواجہ آصف کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں ،وعدےکےمطابق تمام ثبوت نیب کے حوالےکروں گا۔عثمان ڈار نے کہابیرون ملک دولت،اکاؤنٹس اورہوٹلوں کاریکارڈ نیب کودیں گے‘ خواجہ آصف کے بے نقاب ہونے تک ہرمحاذپر جنگ لڑوں گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وزیر خارجہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
عثمان ڈار نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کے ثبوت موجود ہیں، نیب کو یہ اقدام بہت پہلے کرلینا چاہئے تھا، چیئرمین نیب مجھے بلائیں گے تو ثبوت پیش کروں گا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیب کے سربراہ کو خط لکھ کر خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تفصیلات فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں