سیالکوٹ : وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوئی غیر اخلاقی حرکت ہمیں انتخابی مہم سے نہیں روک سکتی، ہم نے نوازشریف کے نام کا ووٹ لینا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پکا گڑھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے بدترین دشمن بھی خیانت کا الزام نہیں لگا سکتے، ہم اپنا رپورٹ کارڈ عوام کے پاس لے کر جائیں گے، حلقہ بندیوں پرکوئی اعتراض نہیں کیونکہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے میرے حلقے میں ایک لاکھ ووٹ شامل ہوا ہے۔
انہوں نے کارکنان سے خطاب میں کہا کہ اپنے ووٹ کاحق صرف وطن عزیز کیلئے استعمال کریں، ووٹ کی حرمت ناقابل تسخیر ہوگی تو ملک ناقابل تسخیر ہوگا، میرے قائد نواز شریف کا طوطی بول رہا ہے، جتنا محاذ بنالیں، میاں صاحب کی محبت کا کوئی مقابلہ نہیں، آئندہ الیکشن میں عوام ووٹ سےسب کا احتساب کرلیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مجھے کسی حب الوطنی اورمسلمانیت کےسرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، اطمینان اس لیے ہے کہ ہم نے حلقے میں لوگوں کی خدمت کی ہے، کوئی غیراخلاقی حرکت ہمیں انتخابی مہم سےنہیں روک سکتی۔
مزید پڑھیں: وزیر خارجہ خواجہ آصف پر نوجوان نے سیاہی پھینک دی
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کنونشن میں مجھ تیزاب بھی پھینکاجاسکتا تھا اور گولی بھی لگ سکتی تھی، سیاہی سے صرف کپڑے اور چہرےخراب ہوئے، کنونشن میں پیش آنے والے واقعے کا کوئی افسوس نہیں، الیکشن کے قریب آنے پر ہم اپنے حلقےمیں مطمئن ہوکر واپس جارہے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔