کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات کو وزارت سمیت ہی چین کو دے دیا جائے اُن سے وزارت نہیں سنبھالی جارہی ہے۔
سندھ اسمبلی سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے وزیر بلدیات جام خان شورو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدیات سے اپنی وزارت نہیں سنبھل پارہی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ تھوڑا تھوڑا دینے کے بجائے وزیرِ موصوف پوری وزارت ہی چین کو کیو ں نہیں دے دیتے؟ یا پھر کوئی چینی ہی آکر سندھ میں وزارت بلدیات کا قلمدان سنبھالے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی گلستان جوہر اورسرجانی ٹاون میں چائنہ کٹنگ ہو رہی ہے اور وزیر بلدیات کو پتہ ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چا ئنا کٹنگ کی تحقیقات سندھ حکومت اپنے وزراء سے شروع کرے اور ایم کیو ایم پر ختم کرے ،ہم چائنا کٹنگ کرنے والوں کو سماج کا دشمن سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے بھی میڈیا سے بات کی انہوں نے کہا کہ وزارتِ بلدیات کو چاہیے ایک کے ایم سی کی بلڈنگ ہی رہ گئی ہے اُسے بھی چائنا کو دے دیں۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان نے پوائنٹ آف آرڈر پر وزارتِ بلدیات کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کو فنڈز جاری نہیں کیے جارے ہیں اور صوبائی حکومت سارے اختیارات پر قابض ہے۔
نقطعہ اعتراض پر سینیئر وزیر نثار کھوڑو اور وزیر بلدیات کی خرم شیر زمان کے نوک جھوک بھی ہوئی جب کہ قائد حزبِ اختلاف خواجہ اظہار سمیت ایم کیو ایم دیگر اراکین اسمبلی نے بھی خرم شیر زمان کا ساتھ دیا۔