پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سندھ میں ایک قوم کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے،اظہار الحسن

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن کا کہنا ہے کہ ایک قوم کو دیوارسے لگایاجارہا ہے،چراغ ہمارے بجھ رہے ہیں توکسی کوفکرنہیں،لیکن یاد رہے ہوا کسی کی نہیں۔

سندھ اسمبلی میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے بلائے گئےاجلاس میں پیپلز پارٹی کے نئے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نےاعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا اس موقع پر اجلاس سے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے اپنے خطاب میں نئے وزیراعلی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپوزیشن کی جانب سے سندھ کے مفاد میں کیے جانے والے ہر اقدام کی پیشگی حمایت کا یقین دلایا۔

اپنے خطاب میں اپوزیشن لیڈر اور متحدہ قومی مومنٹ کے رکنِ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سندھ شہری علاقوں میں احساس محرومی بڑھتا جا رہا ہے یوں لگ رہا ہے جیسے کراچی سندھ کا حصہ نہیں،یہاں ایک قوم کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے،ارباب اختیار جانے کہ ایم کیوایم مسئلہ نہیں،مسئلے کا حل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سید مراد علی شاہ 88 ووٹ لیکر وزیراعلیٰ سندھ منتخب

قائد حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن نے مزید کہا کہ ہم آج وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے لاتعلق رہے ہیں جسے کچھ لوگوں نے مک مکا کہا حالانکہ مک مکا ہوتا تو وسیم اختر اور روف صدیقی اسیر نہیں وزیر یا مشیر ہوتے، ہم اپوزیشن میں ہیں اور اپوزیشن کا حکمراں جماعت سے ورکنگ ریلیشن ہوتا ہے ہمارا بھی پیپلز پارٹی سے ورکنگ ریلیشن قائم ہے اسے مک مکا نہیں جمہوری طرز حکمرانی کہتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم پر جو الزامات لگ رہے ہیں وہ نئے نہیں تین سال قبل بھی یہی الزامات تھے تب ہمارے ہی ووٹوں کی ضرورت پڑی تھی اور رحمن ملک ہمارے ووٹوں سے سینیٹر بنے تھے اگر آج ہمارے چراغ بجھ رہے ہیں تو کوئی خوش گمان نہ رہے کہ چراغ سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں۔

اس موقع انہوں نے سبکدوش ہونے والے وزیر اعلٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے تجربے کو سندھ کی بھلائی اور ترقی میں اضافے کے لیے استعمال کرنےکا مشورہ دیا،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کبھی بھی قائم علی شاہ سے کوئی اختلاف نہیں رہا تا ہم اُن کی طرز حکمرانی سے اختلافات رہا جس کا برملہ اور بر محل اظہار کرتے رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں