کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اورسندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کراچی پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ کراچی کی حالت یتیم خانے جیسی ہوگئی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ نامزد ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، شہر کا یہ دورہ شہر کراچی میں گندگی کے ڈھیر، سڑکوں پر تجاوزات ، پانی کی عدم فراہمی، جعلی ڈومیسائل کی شکایات اور بڑھتی ہوئی گرمی میں ہیٹ اسٹروک کے پیش نظرکیا گیا تھا۔
خواجہ اظہارالحسن نے پاک سرزمین پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ کراچی میں کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے، شہر قائد میں انارکی پھیلی ہوئی ہے، کراچی کو جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بیورو کریسی کا سسٹم سندھ کی تباہی کیلئے کافی ہے، کراچی کی بدحالی کے ذمہ دار حکومت اور فیصلہ ساز لوگ ہیں۔
متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے شیڈو بجٹ پیش کریں گے،وزیراعلیٰ سندھ صرف اعلانات کرتے ہیں، پیسے اور اختیارات ان کی جیب میں ہوتے ہیں۔