کراچی : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کرپشن کی باقیات نے سندھ سمیت کراچی کو بھی اجاڑ دیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزراء ٹھنڈی مشینوں سے باہر نہیں آتے، نہ جانے سندھ حکومت کیسے چل رہی ہے؟
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر ہاؤس کراچی میں ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کے ہمراہ کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام ڈپٹی کمشنرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ مافیا کی کھلے عام سرپرستی کی جارہی ہے،شہر میں اسی فیصد سنگنلز خراب جبکہ روڈ سے زیبرا کراسنگ بھی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اقتدار میں آئے تو سب سے پہلے قانون سازی کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اٹھارٹی کو کراچی بلڈنگ کنٹرول اٹھارٹی کی شکل میں واپس لائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک ہزار افسران کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہو رہی ہیں، پولیس اور ڈی ایم سیز کی مدد سے پتھارے اور بل بورڈز لگائے جا رہے ہیں۔ بجٹ میں سندھ حکومت کو جتنا بھی فنڈز ملے گا وہ کرپشن کی نذر ہی ہوگا۔