لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ این اےایک سوبائیس میں پی ٹی آئی کے نوٹوں کا ووٹوں سےمقابلہ ہوگاجب کہ 11 اکتوبر کو عمران خان کی منفی طرز سیاست کو عوام مسترد کردیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حلقہ این اے 122میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر دھاندلی کا الزام غلط ہے۔
عمران خان کو اب بچوں والی باتیں چھوڑ کر بڑا ہو جا نا چاہیے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عامیانہ زبان اورالزامات عمران خان کا انتخابی نشان بن چکا ہے جب کہ (ن) لیگ کے امپائرصرف عوام ہیں اور میچ میں امپائربدلناعمران کا وطیرہ ہے اور وہ اپنی مرضی کے فیصلے چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں دہرے معیارنہیں چلتے، عمران خان بتائیں کہ وہ 300 کنال کے گھرمیں رہتے ہیں اورانہوں نے کتنا ٹیکس دیا؟۔
نوازشریف بحیثیت وزیراعظم 12 نشستوں کے جہاز پرامریکا گئے لیکن خیبرپختونخوا میں عمران خان سرکاری جہاز کیوں استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چھ ارکان اسٹے پر ہیں اگر ہم عدالت جائیں تو اعتراض کرتے ہیں ۔اگر عدالتوں سے ن لیگ کو ریلیف مل جائے تو اس پر عمران خان پریشان ہوئے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومتیں کام کرتی ہیں جلسے اپوزیشن کرتی ہے۔