بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خودکش حملے میں شہید طلبہ کی تعداد 8 ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 معصوم جانیں فتنہ الہندوستان کی پاکستان میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گئیں، اسکول بس پر حملے میں زخمی ہونیوالے مزید 2 طلبا شہید ہوگئیں۔
سیکیورٹیہ ذرائع کے مطابق دو طلباء شیما ابراہیم اور مسکان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئیں، حملے میں شہید ہونے والوں میں 7 طالبات اور 1 طالب علم شامل ہیں۔
بس پر خود کش حملے کے پہلے روز چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شہید ہوئی تھیں، طالب علم حیدر، طالبہ ملائکہ اور سحر سلیم نے دوران علاج جام شہادت نوش کیا۔
خضدار میں بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی دہشتگرد ریاست بھارت میں کی گئی، معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنہ الہندوستان اور انکے ہندوستانی آقاؤں سے لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ منگل کو خضدار میں اسکول بس پر حملے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید جبکہ 39 زخمی ہوگئے تھے جبکہ گزشتہ روز آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم بھی زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگئی تھی۔