خضدار میں اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے مزید 2 بچے زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خضدار میں اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے طلبا کی تعداد 6 ہوگئی جس میں 5 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خضدار دہشت گردانہ حملے میں طالب علم حیدر شدید زخمی ہوا جو جانبر نہ ہوسکا اور آج شہید ہوگیا جبکہ آج ایک اور معصوم جان بھی پاکستان میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گئی، خضدار حملے میں شدید زخمی ہونے والی طالبہ ملائکہ بھی شہید ہو گئی۔
خضدار حملے میں زخمی 8 ویں جماعت کی طالبہ دم توڑ گئیں، شہید طالبات کی تعداد 4 ہوگئی
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ذلت آمیز شکست اور ہزیمت کے بعد بھارت بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے، بھارت بلوچستان اورکےپی میں دہشتگردی کیلئے اپنی پراکسیوں کا استعمال کررہا ہے، معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنہ الہندوستان اور ان کے ہندوستانی آقاؤں سے لیا جائیگا۔
دوسری جانب صوبیدار سلیم کی شہید بیٹیوں عیشا سلیم اور سحر سلیم کی نماز جنازہ آبائی علاقے کلر سیداں میں ادا کی گئی، جس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور علاقہ معززین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، حملے میں شہید طالبہ حفصہ کوثر کو اوکاڑہ اور ثانیہ سومرو کو رحیم یار خان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ منگل کو خضدار میں اسکول بس پر حملے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید جبکہ 39 زخمی ہوگئے تھے جبکہ گزشتہ روز آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم بھی زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگئی تھی۔