خیبرایجنسی: پاک افغان سرحد کے قریب وادی رجگال، وادی نارے ناؤ اور ستار کلے میں پاک فوج کا زمینی اور فضائی آپریشن 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا خیبرایجنسی 3 کامیابی سے جاری ہے، پاک فوج کے جوانوں نے اتوار کے روز وادی رجگال، نارے ناؤ اور ستار کلے میں زمینی اور فضائی آپریشن کیا۔پاک فوج کی تازہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
پڑھیں: خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی، شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ
واضح رہے پاک فوج کی جانب سے پاک افغان بارڈر سے متصل خیبر ایجنسی کی وادی رجگال میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس میں اب تک دہشت گردوں کی کمین گاہیں اور خفیہ گزر گاہیں تباہ کی جاچکی ہے۔
مزید پڑھیں: دہشت گردوں کے سلیپر سیلز ختم کریں گے، آرمی چیف کا راجگال میں جوانوں سے خطاب
آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعے کے روز وادی رجگال کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کرکے اُن کے عزم اور بلند حوصلے کی تعریف کی تھی، آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی ماہرانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اس آپریشن سے سرحد کے دونوں طرف دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں آسانی رہے گی‘‘۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ چوکس رہیں اور دشمن پر نظر رکھیں، اُن کا مزید کہنا تھاکہ ’’ملک میں دہشت گردوں کا کوئی مقام نہیں چھوڑا جائے گا اور عوام کے تعاون سے ملک میں امن قائم کیا جائے گا‘‘۔