پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے کپور حویلی کو خریدنے کا فیصلہ کرلیا اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے تحت کپور حویلی کو محفوظ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے کپور حویلی کو خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حویلی پرسیکشن فور نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرپشاور محمد علی کا کہنا ہے کہ کپور حویلی کی خرید وفروخت پر پابندی لگا دی، محکمہ آثار قدیمہ نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا، کپور حویلی کی قیمت کا تعین کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا جلد ہی محکمہ آثار قدیمہ کو فنڈز کی فراہمی سے آگاہ کردیں گے، حکومتی فیصلے کے تحت کپور حویلی کو محفوظ کیا جائے گا۔
یاد رہے رواں ماہ معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بالی ووڈ لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کا چار مرلے کا گھر خریدنے کا عزم رکھتی ہے اس مد میں گھر کی خریدو فروخت پر سیکشن فور نافذ کردیا گیا ہے۔
کامران بنگش نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں گھر کو خریدا جائے گا جس کے لیے حکومت فنڈ مہیا کررہی ہے، دوسرے مرحلے میں گھر کی مرمت اور اس کی اصلی حالت میں بحالی کا کام کیا جائے گا اور دلیپ کمار کے گھر کو پشاور ریوائیول پلان کے تحت عجائب گھر میں تبدیل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے پشاور میں واقع آبائی گھر کو خرید کر اُسے عجائب گھر یا قومی ورثہ قرار دینے کے اقدام پر خیبرپختونخوا حکومت کی تعریف کی تھی۔
خیال ررہے کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے خاندان تقسیم برصغیر سے قبل پشاور کے قصہ خوانی بازار میں رہائش پذیر تھے، بعد ازاں وہ بھارت منتقل ہوگئے تھے، یہ دونوں حویلیاں تاحال موجود اور بند ہیں۔