صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز ہونے والی تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی ریسکیو کا بتانا ہے کہ کے پی میں گزشتہ روز بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق 4 افراد کی عمریں 10 سال سے کم ہیں۔
ڈی جی ریسکیو کے مطابق چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، نوشہرہ، شانگلہ، بنوں اور باجوڑ میں ہوئے جبکہ مختلف اضلاع میں کچی چھتیں دیواریں گرنے سے جزوی نقصانات ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے بارشوں سے حادثات میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کیلئے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بارشوں سےجانی و مالی نقصانات کی رپورٹ پیش کی جائے، متاثرہ خاندانوں کو ریلیف، زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔