ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ کیارا اڈوانی ساؤتھ انڈین اسٹار یش کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’ٹاکسک‘ کیلیے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی ہیروئن بن گئیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یش کی فلم ’ٹاکسک‘ کی کچھ تفصیلات سامنے آنے کے بعد مداح اس کی جلد ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
فلم میں کیارا اڈوانی بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کیا۔ جی ہاں، انہیں ریلیز سے قبل ہی 15 کروڑ (بھارتی روپے) کا چیک تھما دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیارا اڈوانی نے فلم ’ڈان 3‘ کی کاسٹ سے خود کو الگ کر لیا
اس سے قبل نامور اداکارہ دپیکا پڈوکون سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں جنہوں نے کالکی 2898ء کیلیے 23 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔
کیارا اڈوانی کو آخری بار فلم ’گیم چینجر‘ کے ساتھ بڑی اسکرین پر دیکھا گیا تھا جس میں رام چرن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس کی کہانی ایک ایماندار آئی اے ایس افسر کے گرد گھومتی ہے جو بدعنوانی سے پاک انتخابات کروا کر سیاسی میدان میں اصلاحات نافذ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
رام چرن اور کیارا اڈوانی کے علاوہ فلم میں انجلی، ایس جے سوریہ، سری کانت، سنیل، جیارام، اور بہت سے دوسرے اداکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
ابتدائی طور پر یہ فلم ’ٹاکسک‘ اپریل 2025 میں ریلیز ہونی تھی لیکن پروڈکشن میں تاخیر کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا، اس کی باضابطہ ریلیز کی تاریخ کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔
مزید برآں، کیارا اڈوانی ہریتک روشن اور جونیئر این ٹی آر کے ساتھ فلم ’وار 2‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گی جو YRF اسپائی یونیورس میں اپنی پہلی شروعات کر رہی ہیں۔