The news is by your side.

Advertisement

تاجر کے اغواء میں ملوث پولیس افسر اہلکاروں سمیت گرفتار، مغوی بازیاب

کراچی : پولیس نے اغوا برائے تاوان میں ملوث پولیس افسر سمیت دیگر اہلکاروں کو گرفتار کرکے مغوی تاجر کو بحفاظت بازیاب کروالیا، گلشن حدید میں پولیس مقابلہ کے بعد ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کا انسپکٹر تاجر کے اغوا میں ملوث نکلا، اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایس آئی یو صدر پولیس کے انسپکٹر ملک اشرف اعوان نے اپنی پولیس پارٹی کے ہمراہ الماس نامی تاجر کو اغوا کیا تھا۔

تاجر الماس نیو کراچی سے اپنی فیملی کے ہمراہ لکھنو سوسائٹی کورنگی جا رہا تھا، شفیق موڑ کے قریب ملک اشرف اعوان اور اس کے ہمراہ پارٹی نے تاجر کو اغواء کرلیا۔

اغوا کار پولیس اہلکاروں نے تاجر کی اہلیہ سے7 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، بعد ازاں ایف بی ایریا پولیس مغوی کی اہلیہ کے فون کرنے پر شفیق موڑ پہنچی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر ملک اشرف اعوان کو گرفتار کرکے مغوی تاجر کو بازیاب کرالیا، انسپکٹر اشرف اور پولیس پارٹی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

گلشن حدید میں مقابلہ کے بعد ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

علاوہ ازیں کراچی کے علاقہ گلشن حدید میں پولیس نے مقابلہ کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا ہے، ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور چھینا ہوا سامان برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کاساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، دونوں ملزمان ایک شہری
کو لوٹ کر فرار ہورہے تھے۔

پولیس کے پہنچنے پرملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی ہوا جسے گرفتار کرکے طبی امداد کے لئے اسپتال روانہ کر دیا گیا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں