کراچی کے علاقے قائد آباد سے اغوا ہونے والے ڈھائی سالہ بچےکو پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں بازیاب کرا لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں آج ایک ڈھائی سالہ بچہ کاشان اغوا ہوا تھا۔ والدین کے رپورٹ درج کرانے پر پولیس فوری حرکت میں آئی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مغوی بچے کو چند گھنٹوں میں بازیاب کراکر کر والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
بچے کو علاقے میں ہی ایک زیر تعمیر مکان سے برآمد کیا گیا۔ پولیس نے مغوی کی بازیابی کے ساتھ ہی اغوا کار ریاض کو بھی گرفتار کر لیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر کاشف آفتابکا کہنا ہے کہ بچے کی گمشدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس کی تلاش شروع کی اور چند گھنٹے کی کوششوں کے بعد اس کو ایک زیر تعمیر مکان سے برآمد کرایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاشان کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں قائد آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی میں بچوں کے اغوا کے واقعات میں اضافہ ہو چکا ہے۔ رواں برس کے آغاز میں نارتھ کراچی میں صارم اغوا کیس نے ملک بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
سات سالہ صارم کی لاش اس کے اغوا کے ایک ہفتہ بعد اسی بلڈنگ کے زیر زمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی۔ اس حوالے سے کئی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں مگر تاحال صارم کے قاتل کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جا سکا۔