لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے ملت پارک سے لا پتا ہونے والے بچوں کی لاشیں ایک گھر میں آٹے کے صندوق سے برآمد ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ملت پارک لاہور سے دو بچے لاپتا ہو گئے تھے، جس پر بچوں کے والد ساجد نے اپنی مدعیت میں ناظم کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملت پارک کے علاقے میں گھر سے 2 کم سن بھائیوں کی لاشیں مل گئی ہیں، اغوا ہونے والے کم سن بچوں کی لاشیں آٹے کے صندوق سے برآمد ہوئیں، 5 سالہ ارتضیٰ اور 3 سالہ راحیل کے اغوا کا مقدمہ گزشتہ روز درج کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہیں ڈی ایس پی سمیت پولیس اہل کار فرانزک ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے تھے، بچوں کی لاشیں خراب ہو چکی ہیں، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔
تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا فی الوقت پتا نہیں چل سکا ہے کہ بچوں کو قتل کیا گیا ہے یا وہ خود آٹے کے ڈرم میں چھپنے کے بعد بند ہونے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔
بچوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے جس سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔