اسلام آباد: پاکستان سے رواں ماہ کے اوائل میں اغوا ہونے والے سابق افغان گورنر فضل اللہ واحدی کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاورمیں تعینات افغان سفارتی حکام نے ان کی رہائی کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ انھیں جمعہ کی صبح افغان قونصل خانے منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں انھیں اسلام آباد روانہ کردیا گیا۔
فضل اللہ واحدی کو اسلام آباد کے علاقے ایف سیون میں چہل قدمی کرتے ہوئے نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ لیے گئے تھے اور بتایا جاتا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انھیں خیبرپختونخواہ میں مردان اورصوابی کے سرحدی علاقے سے بازیاب کروایا گیا۔
تاحال ان کے لاپتا اورپھر بازیاب ہونے کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں لیکن افغان صوبوں کنڑ اور ہرات کے گورنر رہنے والے فضل اللہ واحدی کے لاپتا ہونے پرافغان حکومت کی طرف سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سے ان کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔
فضل اللہ واحدی کا شمارافغانستان کے بااثر سیاست دانوں میں ہوتا ہے اوراُن کے خاندان کا کہنا ہے کہ فضل اللہ واحدی کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں۔