کراچی: شہر قائد میں پولیس نے قلندریہ چوک سے پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان کے قتل کے الزام میں ایک اہم ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا ہے، دیگر کاررائیوں میں پولیس نے چوری کی موٹر سائیکل اور رکشے خریدنے اور بیچنے والے تین ملزمان بھی گرفتار کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع نور جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قلندریہ چوک سے ٹارگٹ کلر اویس صادق کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے 2017 میں پی ایس پی کے 2 کارکنوں کو قتل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پی ایس پی کارکنان کے قتل میں ملوث ملزم کے دیگر 2 ساتھی بھی گرفتار ہیں، ملزم اویس صادق نے پولیس مخبر مانی کو بھی اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں موٹرسائیکلیں کتنے سیکنڈز میں چوری ہوتی ہیں
دیگر 2 کارروائیوں میں اے وی ایل سی پولیس نے 3 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، جو چوری کی موٹر سائیکلیں اور رکشوں کی خریداری میں ملوث ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مسروقہ موٹر سائیکلیں اور رکشے بلوچستان بھیجا کرتے تھے۔
ایک اور کارروائی میں اے وی ایل سی نے موٹر سائیکل چھیننے والے ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے، ملزم موٹر سائیکل مکینک ہے، پولیس کے مطابق ملزم شہریوں سے موٹر سائیکلیں چھینتا تھا، گرفتار ملزم سے چھینی گئی موٹرسائیکلیں اور رکشے بھی برآمد کیے گئے۔