معروف امریکی ریئلٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین 6 سال بعد لاء اسکول سے باضابطہ طور پر گریجویٹ ہونے کا جشن منا رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کم کارڈیشین نے مداحوں کو وکالت کی پڑھائی مکمل کرنے کی خوشخبری انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے دی۔
اساتذہ نے بتایا کہ 6 سال کی انتھک محنت اور جستجو کے بعد وہ گریجویشن کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
گریجویٹ ہونے کی خوشی میں خاندان اور چند قریبی دوستوں کیلیے نجی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ریئلٹی ٹی وی اسٹار نے کہا کہ آپ سب لوگ اس سفر میں میرے ساتھ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: کم کارڈیشین کی مجموعی دولت نے سب کے ہوش اڑا دیے
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو دیکھ کر ارادہ کیا کہ قانون کی ڈگری حاصل کروں گی۔
تقریب میں ان کے ایک استاد نے بتایا کہ چھ سال پہلے کم کارڈیشین اس پروگرام میں انصاف کیلیے لڑنے کی خواہش لے کر داخل ہوئی تھیں، انہوں نے عزم سے ڈگری حاصل کی ہے۔
استاد نے بتایا کہ کم کارڈیشین نے ہفتے میں 18 گھنٹے، سال میں 48 ہفتے وقف کیے، انہوں نے کُل 5,184 گھنٹے مطالعہ کیا۔
واضح رہے کہ وہ نہ صرف اپنے چار بچوں کی پرورش کرتی ہیں بلکہ کاروبار چلاتی ہیں، ٹیلی ویژن شوز کی شوٹنگ کیلیے بھی وقت نکالتی ہیں، ایسے میں انہوں نے لگن سے وکالت کی پڑھائی مکمل کی جو ایک مثال ہے۔
ماضی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں وکیل بننے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اگرچہ یہ سفر آسان نہیں تھا لیکن انہوں نے کر دکھایا۔