ریاض : سعودی عرب کے حاکم شاہ سلمان نے تیونس کو معاونت کے لیے 83 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد دے دی۔
تفصیلات کے مطابق افریقی ملک تیونس کے وزیر اعظم وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر سعودی عرب آئے ہوئے تھے جو شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے بعد واپس اپنے ملک روانہ ہوگئے تھے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے تیونس کے وزیر اعظم یوسف شاہد کو تیونس کی مالی معاونت کے لیے 83 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد بھی دی گئی۔
تیونس کے وزیر اعظم نے اپنے بیان میں سعودی عرب کے بادشاہ خادمین الحرمین الشرفین شاہ سلمان کی جانب سے کروڑوں ڈالر امداد دینے کی تصدیق کی۔
عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تیونس کے وزیر اعظم کو شاہ خالد ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے اعلیٰ حکام نے الوداع کیا۔
مزید پڑھیں : محمد بن سلمان کا دورہ تیونس، عرب نیٹو کی تشکیل پر تبادلہ خیال
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اتحادی ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں تیونس پہنچے تھے، جہاں انہوں نے تیونسی صدر بیجی قائد السبسی اور دیگر حکومتی اراکین سے ملاقات سے کی تھی۔
یاد رہے کہ صدر بیجی قائد السبسی اور محمد بن سلمان کے دوران ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ دفاعی و معاشی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور عرب نیٹو کی تشکیل پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔