ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرجری کامیاب ہوگئی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا پتا کامیابی سے نکال دیا گیا ہے اور ان کی سرجری کامیاب ہوگئی ہے، انہیں کچھ روز قبل طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹرز کے مطابق شاہ سلمان ابھی کچھ دن اور اسپتال میں داخل رہیں گے، 84 سالہ سعودی فرمانروا کو پتے میں تکلیف کے باعث تین روز قبل ریاض کے کنگ فیصل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز 2015 سے سعودی عرب کے بادشاہ ہیں، بادشاہت ملنے سے قبل تقریباً ڈھائی سال وہ سعودی عرب کے ولی عہد بھی رہے جبکہ انہوں نے 50 سال ریاض کے گورنر کے فرائض بھی سرانجام دئیے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز سعودی عرب کے وزیر دفاع کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان کے بیٹے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے والد کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی، شاہ سلمان کی صحتیابی کے لیے ٹویٹر پر بھی صارفین کی جانب سے دعا کی گئی تھی۔