اداکارہ کنزہ ہاشمی نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر بولی وڈ فلم ’اینیمل‘ کے مقبول گانے پر ڈانس کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رنبیر کپور، انیل کپور، رشمیکا مندانا اور بوبی دیول کی کاسٹ پر مبنی فلم ’اینیمل‘ کو یکم دسمبر ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے کمائی کے نئے ریکارڈز بناتے ہوئے اب تک تقریباً 660 کروڑ روپے کمالیے ہیں۔
فلم میں متعدد پرتشدد اور انتہائی بولڈ اور نامناسب مناظر بھی ہیں، جس وجہ سے فلم کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے، تاہم زیادہ تر شائقین اس کی تعریفیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
فلم میں بوبی دیول کے مختصر اور جاندار کردار نے فلم بینوں پر گہری چھاپ چھوڑی ہے، فلم کے کئی کلپس اور اس کے ٹریکس کے ساتھ ساتھ، بوبی دیول کا تعارفی گانا جمال کودو کی سوشل میڈیا پر دھوم ہے۔
گانا مقبول ہونے کے بعد جمال کودو سوشل میڈیا ٹرینڈ کا حصہ بن گیا، اس گانے پر عام صارفین ریلز بنا رہے ہیں، تاہم اب ’لارڈ بوبی ڈانس‘ پر اداکاری کنزہ ہاشمی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ویڈیو میں اداکارہ کنزہ ہاشمی اور صبور علی کو دیکھا جاسکتا ہے، صبور ان کے سر پر گلاس رکھتی ہیں اور پھر کنزہ ہاشمی جمال جمالوں گانے پر ڈانس کرتے نظر آتی ہیں۔
واضح رہے کہ انڈسٹری میں کنزہ ہاشمی اور صبور علی کی دوستی کے چرچے ہیں دونوں اداکارائیں اکثر و بیشتر سوشل میڈیا پر اپنی دلچسپ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداحوں کی جانب سے بھی پسند کیا جاتا ہے۔