بدھ, اپریل 23, 2025
اشتہار

زراعت تباہ ہورہی ہے، گندم پر سیاست نہ کریں یہ نیشنل ایشو ہے: خالد کھوکھر

اشتہار

حیرت انگیز

کسان اتحاد کے چیئرمین خالد کھوکھر کا کہنا ہے ہمارا حکومت سے صرف اتنا مطالبہ ہے کہ گندم کی کاسٹ آف پروڈکشن دیں، تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست گندم پر سیاست کی بجائے مل بیٹھیں اور کسان کا کچھ سوچیں، یہ اب نیشنل ایشو بن گیا ہے۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کسان اتحاد کے چیئرمین خالد کھوکھر نے کہا کہ گندم کا ایشو نہ صوبائی ہے نہ ضلعی یہ قومی ایشو ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں فوڈ سیکیورٹی پہلے نمبر پر ہوتی ہے، بدقسمتی سے یہ معاملہ ہمارے ملک میں دوسرے نمبر پر ہے، کاشتکار گندم کی فصل آنے کے بعد ڈپریشن کا شکار ہورہے ہیں، وہ صرف اپنی محنت کا صلہ مانگ رہے ہیں۔

خالد کھرکھر نے کہا کہ محکمہ زراعت بتائے گندم پر کتنا خرچہ آتا ہے، وزیر اعلی پنجاب کسانوں کے ساتھ ملنا نہیں چاہتی گندم امپورٹ کرکے ڈالر کمائے گئے کوئی انکوائری نہیں ہوئی۔

خالد کھوکھر نے کہا کہ جس محترمہ کا کاشتکار سے کوئی تعلق نہیں اس کو بیٹھا دیا، کسان اگلی فصل کہاں سے کاشت کریں گے، زراعت کے علاوہ ہمارے پاس ہے کیا؟ تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ گندم پر سیاست نہ کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ سستا آٹا دیں لیکن کسان کا معاشی قتل تو نہ کریں، سلمیٰ بٹ ٹی وی پر کہتی ہیں روٹی کا ریٹ اوپر نہیں جانے دونگی، روٹی کا ریٹ اوپر نہیں جائے گا تو پھر آٹے کا ریٹ بھی تو ٹھیک کریں، انڈا دینے والی مرغی کو نہ ماریں ورنہ صبح ٹیبل پر کیا آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے پنجاب میں کسان کی بات کرتے ہیں لیکن سندھ میں ریٹ نہیں دیا، پی ٹی آئی نے کے پی کے میں گندم کا ریٹ نہیں دیا، حکومت منافقت کرتی ہے اگر آئی ایم ایف کے حکم پر ڈی ریگلولر کر رہی تو پوری طرح کریں۔

کسان اتحاد کے چیئرمین خالد کھوکھر  نے مزید کہا کہ گندم 2800 سے مہنگی ہونے پر مقدمے درج ہوئے ہیں، احتجاج کرنا تمام سیاست دانوں کی سنت ہے مگر ہمیں کرنے نہیں دیا جاتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں