کمشنر کراچی نے شہر میں پتنگ اڑانے اور فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں دفعہ 144 کے تحت پتنگ بنانے اور فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد ہوگی، شہریوں کو پتنگ کی ڈور سے محفوظ رکھنے کے لیے پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ بعض عناصر تیز دھار مانجھا بنا رہے ہیں جو غیر محفوظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی 30 مارچ سے 29 مئی تک رہے گی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دو دن قبل کراچی کے علاقے عزیز آباد میں 20 سالہ نوجوان پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہوگیا تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ اویس موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ محمدی کالونی میں پتنگ کی اس کے گلے پر پھری تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سینئر پولیس افسر نے مزید کہا کہ پولیس نے پتنگ بازوں اور پتنگ سازوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
اس سے قبل فیصل آباد اور سرگودھا میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے دو افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پنجاب پولیس نے صوبے میں کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا۔