اسلام آباد : پتنگ اڑانے پر نامناسب الفاظ میں بچوں کو دھمکیاں دینے والے ایس ایچ او کو لینے کے دینے پڑگئے۔ اعلیٰ پولیس افسران نے انکوائری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیاں ناکام ہونے پر ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے دھمکی دی تھی کہ جس بچے نے پتنگ اڑائی تو بچے کے والد کو چوک پر کھڑا کرکے جوتے ماروں گا۔
ایس ایچ او کے اس بیان کا پولیس کے اعلیٰ حکام نے سختی سے نوٹس لیا، اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سیکرٹریٹ کو اس قسم کے نامناسب الفاظ کے چناؤ پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔ اس کیخلاف محکمانہ انکوائری بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔
اسلام آباد پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک جرم ہے جس سے سختی سے نمٹا جارہا ہے، پتنگ اڑانے کے اس خونی کھیل کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی دھاتی ڈور انسانی جان کے لیے خطرہ ہے، جس کے سببہونے والا معصوم جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے پتنگ سازوں، ڈسٹری بیوٹرز اور فروخت کنندگان کیخلاف کارروائیاں کی گئیں، ان کارروائیوں میں70ہزار سے زائد پتنگیں اور 10ہزار سے زائد ڈور قبضے میں لی گئیں۔
یاد رہے کہ ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ اب کوئی بھی بچہ اگر پتنگ اڑائے گا تو اس کے باپ کو چوک پر جوتے ماروں گا اور مقدمہ بھی درج کروں گا اس نے اعلان میں یہ بھی کہا کہ اس میں ملوث بچے کا گھر بھی گرا دوں گا۔