کراچی: پتنگ کی ڈور سے کٹ کر جاں بحق ہونے والا متوفی 24 سالہ بلال حافظ قرآن، نعت خواں اور گھر کا واحد کفیل تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی طرح کراچی میں بھی پتنگ بازی شہریوں کی جان لینے لگی، شہر قائد میں پتنگ کی ڈور سے گلے کٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔
گزشتہ دنوں پتنگ کی ڈور سے گلے کٹنے کے واقعات نے شہریوں کو خوف زدہ کر دیا ہے جبکہ قیمتی جانیں ضائع ہونے کے باوجود سندھ حکومت پتنگ بازی پر سختی سے پابندی عائد نہیں کر رہی ہے۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے قریب پتنگ کا مانجا گلے پر پھرنے سے ایک شہری کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا، قاتل ڈور نے گھر کا واحد کفیل بھی چھین لیا۔
اس حوالے سےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہل خانہ نے بتایا کہ متوفی بلال کی عمر 24 سال تھی وہ حافظ قرآن اور نعت خواں تھا، بلال کی نیشنل ریفائنری میں ملازمت حال ہی میں مستقل ہوئی تھی۔
اہل خانہ نے مزید کہا کہ پابندی کے باوجود کھلے عام پتنگ بازی ہورہی لوگوں کی جان جارہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ کسی اور بے گناہ کی موت سے اس کا گھر برباد نہ ہو۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے106پتنگ بازوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے500 زائد پتنگیں برآمد کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔