کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع کے ایم سی بلڈنگ میں نصب تاریخی گھنٹہ گھر انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہونے کے بعد دو روز سے مسلسل ایک ہی وقت بتا رہا ہے تاہم کراچی میونسپل کارپوریشن نے مرمت کے لیے بیرون ملک سے کاریگر بلوانے کی منطق پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق کے ایم سی بلڈنگ کا تاریخی گھنٹہ گھر انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہوکر خراب ہوگیا جس کے بعد دو روز سے مسلسل 4 بج کر 40 منٹ کا وقت بتا رہا ہے۔
کے ایم سی کونسل نے ہال کی تزئین و آرائش پر ڈھائی کروڑ روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم تاریخی گھنٹہ گھر کی مرمت پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا، گھنٹہ گھر کی خرابی پر کراچی میونسپل کارپوریشن کی نئی منظق سامنے آگئی۔ کے ایم سی کونسل کا کہنا ہے کہ گھنٹہ گھر کی مرمت کے لیے بیرونِ ملک سے ماہر بلوانا ہوگا، پاکستان میں مقیم تمام کاریگر اس کی مرمت سے معذرت کرچکے ہیں۔
دو روز سے مسلسل ایک ہی وقت بتانے والا گھنٹہ گھر انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہونے کے بعد شہری حکومت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
دوسری جانب آج کے ایم سی کونسل میں نو منتخب بلدیاتی امیدوران کا پہلا اجلاس ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کی زیر صدرات منعقد کیا گیا تھا، جس میں تین قرار دادیں پیش کی گئیں تھی تاہم نو منتخب اراکین بھی گھنٹہ گھر کی خرابی سے لاعلم رہے۔
یاد رہے کے ایم سی کونسل کی بلڈنگ اور گھنٹہ گھر کی تعمیر 1935 میں برطانوی دورِ حکومت میں کی گئی تھی، جس کے بعد بلڈنگ کی ترئین و آرائش کا کام 75 سال بعد 2007 میں کیا گیا تھا۔