کراچی : ایم اے جناح روڈ پر کےایم سی ملازمین کے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میونسپل ورکرز ٹریڈ یونیز الائنس کے تحت ایم اے جناح روڈ پر اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے دھرنا دیا گیا۔
مظاہرین نے اولڈ کے ایم سی بلڈنگ کے باہر سڑک پر بیٹھ کر اپنے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے لگائے اور ادائیگی کا مطالبہ کیا۔
کےایم سی ملازمین نے 7مطالبات میونسپل کمشنر کو پیش کیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سال2016سے ریٹائراور مرحوم7ہزار ملازمین کو واجبات ادا کئے جائیں اور 2019اور2020سے اضافہ شدہ پنشن واجبات بھی ادا کیے جائیں۔
مظاہرے کے باعث لائٹ ہاؤس سے لے کر ٹاور تک روڈ بند کردیا گیا، جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی
کے ایم سی ہیڈ آفس کے گیٹ کو تالا لگا دیا گیا، میونسپل ورکرز ٹریڈ یونیز الائنس میں شامل 14یونیز احتجاج میں شامل ہیں۔