کراچی: کے ایم سی کے ماتحت اسپتالوں کو کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس نہیں ملیں، میئر کراچی کے خط کے جواب میں سندھ حکومت نے بھی خاموشی اختیار کر لی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کے ایم سی کے ماتحت اسپتالوں کو کرونا کٹس کی عدم فراہمی پر میئر کراچی وسیم اختر نے اظہار برہمی کیا، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ان کے لکھے گئے خطوط کا کوئی جواب نہیں ملا۔
مئیر کراچی نے کرونا تشخیصی کٹس کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کو خطوط لکھے ہیں، سندھ حکومت کا جواب نہ ملنے پر مئیر کراچی نے دیگر مختلف اداروں کے تعاون سے کرونا وائرس تشخیصی کٹس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سندھ حکومت نے 50ہزار کرونا ٹیسٹنگ کٹس درآمد کرلیں
لانڈھی کارڈیک ایمرجنسی سینٹر، کے آئی ایچ ڈی، عباسی شہید اسپتال کو کٹس فراہم کیے جائیں گے، میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ان تینوں سینٹرز میں کرونا کا ٹیسٹ مفت کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 11 اپریل کو سندھ حکومت کی جانب سے درآمد کردہ 50 ہزار کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس کراچی پہنچی تھیں، بتایا گیا تھا کہ یہ کٹس کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھیجی جائیں گی، یہ بھی کہا گیا تھا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کٹس کی قلت کا خدشہ تھا جس کے پیش نظر ہزاروں کٹس برآمد کی گئیں۔