کراچی : کراچی میونسپل کارپوریشن (کےایم سی) نے انسدادتجاوزات آپریشن سے متاثر دکانداروں کو متبادل دکانیں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ، دکانیں قرعہ اندازی کے ذریعے دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسدادتجاوزات آپریشن سے متاثر دکانداروں کے لئےخوشخبری آگئی ، کےایم سی نے انسداد تجاوزات آپریشن سے متاثر دکان داروں کو متبادل دکانیں دینے کا فیصلہ کیا ہے اور 1445 دکان داروں کو متبادل جگہ دینے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
کے ایم سی اپنے کرائے داروں کو 7 مارکیٹوں میں دکانیں دے گی، متبادل دکانیں قرعہ ا ندازی کے ذریعے دی جائیں گی۔
کےایم سی کی جانب سے شہاب الدین مارکیٹ لائنز ایریا میں 352 دکانیں ، پی آئی ڈی سی مارکیٹ سے ملحق پلاٹ پر315 دکانیں جبکہ سولجر بازار مارکیٹ میں متاثرین کو 100 دکانیں کرائے پر دی جائیں گی۔
کھڈا مارکیٹ لیاری سے متصل زمین پر 484 دکانیں ، رنچھوڑ لائن بیف مارکیٹ میں 54 اور سبزی مارکیٹ میں 37 اسٹال، ناظم آباد 2 نمبر میں 35 دکانیں آپریشن کے متاثرین کو دی جائیں گی جبکہ فرئیرروڈمارکیٹ میں 68دکانداروں کومنتقل کیاجائےگا۔
کے ایم سی نے رواں ہفتہ کے دوران متاثرین کو دکانیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف کے ایم سی کا آپریشن کراچی میں زور شور سے جاری ہے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی دکانوں اورپتھاروں کو مسمار کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین: پہلے مرحلے پر 1470 دکانیں، اسٹالز دیے جائیں گے
یاد رہے دسمبر 2018 کو میئر کراچی وسیم اختر نے ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین کو متبادل دکانیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں 1470 دکانیں اور اسٹالز قرعہ اندازی کے ذریعے دیے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں متاثرین کو قرعہ اندازی سے 2100 دکانیں دی جائیں گی۔