کوہاٹ : لاچی کے قریب ٹریفک حادثہ میں 15افراد جاں بحق جبکہ31 افراد زخمی ہوئے۔ حادثہ انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقے لاچی کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر اور مسافر بس ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق ہوگئے، ڈی پی او سہیل خالد نے بتایا ہے کہ حادثے میں 31 افراد زخمی بھی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، حادثے کا شکار مسافر بس بونیر سے کراچی جارہی تھی۔
خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد نے کوہاٹ میں ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔