کوہاٹ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پولیس نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انڈس ہائی وے پر گاڑی سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی سے برآمد کیے گئے اسلحے میں 30 کلاشنکوف،2 ایل ایم جی،2 پستول اور 30 چارجر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق اسلحہ درہ آدم خیل سےوزیرستان منتقل کیا جا رہا تھا، گرفتار ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے۔
اس سے قبل 8 جولائی کو پولیس نے درہ آدم خیل سے اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی سے ایک کلاشنکوف، 9 پستول اور 3 رائفلوں سمیت ڈھائی ہزار سے زائد مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کر لیے گئے۔