منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

کولکتہ زیادتی کیس کیخلاف احتجاج میں شرکت کرنیوالی بھارتی اداکارہ پر حملہ

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی بنگالی فلم اسٹار پائل مکھرجی پر کولکتہ زیادتی کیس کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران موٹر سائیکل سوار شخص نے حملہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 9 اگست کو کولکتہ کے آر جی میڈیکل کالج میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے دردناک واقعے کے بعد پورے بھارت میں شدید غم و غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے، اس حوالے سے بھارت کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔

- Advertisement -

اسی احتجاج میں شرکت کرنے والی بھارتی اداکارہ پائل مکھرجی پر ایک موٹرسائیکل سوار شخص نے حملہ کردیا، اداکارہ کے مطابق حملہ آور نے اُن کی گاڑی کے پاس اپنی موٹرسائیکل روکی اور اُنہیں گاڑی سے باہر آنے کو کہا۔

پائل مکھرجی نے کہا کہ جب میں نے باہر آنے سے انکار کیا تو حملہ آور نے میری دائیں طرف کی کھڑکی کا شیشہ توڑ دیا جس سے ہاتھ زخمی ہوا، اداکارہ نے ویڈیو پیغام میں بھارت میں خواتین کے تحفظ پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ خاتون ڈاکٹر کے دلخراش واقعے کے بعد بھی کولکتہ میں خواتین کے لیے تحفظ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اب ہم کہاں کھڑے ہیں، اگر شام کے وقت ایک پرہجوم گلی میں کسی عورت پر حملہ ہوسکتا ہے تو آپ خود ہی سوچیں کہ ویران جگہ پر خواتین کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوسکتا۔

ایک اور ویڈیو میں اداکارہ نے حادثے میں ملوث موٹر سائیکل اور اپنی نقصان شدہ گاڑی بھی دکھائی، دوسری جانب اس حوالے سے کولکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ نہیں بلکہ ایک ٹریفک حادثہ تھا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں