کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں گیس کے محدود ذخیرے میں ماہرین کی جانب سے لگائی گئی آگ کی شدت تاحال برقرار ہے۔
امریکی کمپنی ہیلی برٹن کے ماہرین نے بھی آگ کے مقام کا دورہ کیا اور گیس کے ذخیرے سے متعلق اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ منگل کے روز کورنگی کریک کے مقام پر لگی آگ کچھ گھنٹوں کے لیے بجھی تو زمین سے خارج ہونے والی گیس کے منفی اثرات علاقے میں پھیل گئے، جسے روکنے کے لیے ماہرین نے آگ کو دوبارہ لگایا۔
بدھ کے روز بھی ملکی اور غیر ملکی ماہرین نے آگ کے مقام کا دورہ کیا اور علاقے کی ایئر کوالٹی کو جانچا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی غیر متعلقہ شخص کو آگ کے مقام کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہے۔ پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ کے سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، اور آگ کے مقام کے ارد گرد 500 میٹر تک علاقہ کورڈن آف کیا گیا ہے۔