کراچی : کورنگی ندی کے قریب سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے مرنے والوں کو اپنا کارکن ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ سے دو افراد کی تشدد ذدہ لاشیں ملیں، پولیس کے مطابق دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کورنگی میں ندی کے قریب سے ملنے والی لاشیں چار سے پانچ گھنٹے پرانی ہیں، جنہیں تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
دونوں افراد کی عمریں پچیس سے تیس سال کے درمیان ہیں، مقتولین کی شناخت مرزا شمائل بیگ اورکامران سنی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
مقتولین کورنگی سو کوارٹر کے رہائشی بتائے جاتے ہیں ۔ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے جناح اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کورنگی میں کراسنگ کے علاقے میں دومہاجرنوجوانوں شمائل بیگ اورکامران کے قتل کے واقعہ کی شدیدمذمت کی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ مذکورہ کارکنان کو کچھ ماہ قبل ان کے گھروں سے گرفتار کیا گیا تھا یہ کھلا ماورائے عدالت قتل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگران مہاجر نوجوانوں پر کوئی الزام تھاتوانہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیاجاناچاہئیے تھا۔