بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

کورنگی پولیس مقابلہ مشکوک بن گیا، مقتول کے اہلخانہ کا دھرنا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کورنگی صنعتی ایریا میں گزشتہ رات ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک بن گیا، مبینہ مقابلے میں ہلاک ملزم کے اہلخانہ لاش لے کر پریس کلب پہنچ گئے، ایس ایس پی کورنگی نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گزشتہ رات پولیس مقابلے میں ایک نوجوان کی ہلاکت سوالیہ نشان بن گئی۔

موٹر سائیکل سوار نوجوان کی ہلاکت پر مقتول کے اہل خانہ سراپا احتجاج بن گئے جس کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے مشکوک مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کے اہل خانہ لاش لے کر پریس کلب پہنچ گئے تھے، مظاہرین نے لاش پریس کلب کے باہر رکھ کر دھرنا دے دیا، پی ٹی آئی ایم پی اے راجہ اظہر بھی پریس کلب پہنچ گئے۔

اہلخانہ کا دعویٰ تھا کہ پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل پر شہزاد چانڈیو اور اس کے دوست کو روکا، شہزاد چانڈیو کے دوست کو گھر سے کاغذات لانے کا کہا۔

اہلخانہ نے بتایا کہ شہزاد کے پاس رجسٹریشن والی موٹرسائیکل تھی، پولیس شہزاد کو تھانے لائی ہی نہیں، صبح مقابلے میں مارے جانے کا علم ہوا۔

اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ مقابلے میں شامل اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات کی جائیں، پولیس اہلکاروں کی معطلی تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا اور اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوا، ہلاک ملزم سے اسلحہ، موبائل فون، موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

بعد ازاں لواحقین نے پریس کلب کے باہر جاری احتجاج ختم کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی کورنگی کی جانب سے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پراحتجاج ختم کیا گیا ہے۔ لواحقین میت کے ہمراہ پریس کلب سے گھر واپس روانہ ہوگئے۔

اس حوالے سے واقعے کے تفتیشی افسرایس پی لانڈھی نے بتایا کہ واقعے کی انکوائری دوروزمیں مکمل کرلی جائے گی، پولیس اہلکاروں پر الزام ثابت ہوا توقانونی کارروائی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں