آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ کوریا میں ایک قسم کا نمک ہے جس کی فی کلو قیمت 30 ہزار روپے ہے۔
اس نمک کے بارے میں جان کر لوگوں کے منہ سے یہ جملہ نکلتا ہے کہ ’’یہ نمک ہے یا سونا!‘‘ تاہم واقعی یہ دنیا کا مہنگا ترین نمک ہے، اور نمک کی اُن چند نایاب اقسام میں سے ایک ہے جو ناقابل یقین قیمتوں پر فروخت ہوتی ہیں۔
کوریا کے اس نمک کا نام ہے ’بامبو سالٹ‘ یعنی بانس نمک، اسے جامنی بانس سالٹ یا جوگیوم بھی کہا جاتا ہے، جس کی قیمت 250 گرام کے لیے 100 ڈالر (8,621 روپے) یا 34,484 روپے (400 ڈالر) فی کلو ہے۔
کورین بانس نمک کو دنیا کا سب سے مہنگا نمک مانا جاتا ہے، جو کورین پکوان پکانے کے ساتھ ساتھ روایتی کوریائی ادویات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
سوال تو یہ ہے کہ کوریائی بانس نمک اتنا مہنگا کیوں ہے؟ اس کا جواب دراصل اس کی پیداوار کے طریقے میں مضمر ہے، یہ دراصل سمندر نمک ہے لیکن اسے ایک انتہائی پیچیدہ عمل سے گزارا جاتا ہے، اسے بانس کے ایک موٹے تنے میں پیک کیا جاتا ہے، اور پھر پائن کی لکڑی کا استعمال کرتے ہوئے اسے اعلیٰ درجہ حرارت پر 9 بار پکایا جاتا ہے۔
بامبو سالٹ بنانے کا طریقہ
سمندری نمک کو بانس کے کنستروں میں ڈال کر پیلی مٹی کے لیپ سے بند کر دیا جاتا ہے، اور پھر اس کو لوہے کے تندور میں پکایا جاتا ہے اور پھر پائن کی لکڑی کی آگ میں بھونا جاتا ہے۔
کوریا کے مغربی ساحل سے خلیج کا نمک حاصل کیا جاتا ہے، اور اسے بانس کے تنے میں بھر دیا جاتا ہے، پھر اسے سرخ مٹی سے بند کیا جاتا ہے، اور دیودار (پائن) کے درخت کی لکڑی سے بھٹے میں پکایا جاتا ہے۔
جب بیکنگ کے بعد نمک کے گانٹھ سخت ہو جاتے ہیں، تو انھیں باہر نکالا جاتا ہے، اسے پیس کر ایک بار پھر ایک اور بانس کے تنے میں بھرا جاتا ہے، اور ایک بار پھر پکایا جاتا ہے۔ اس طرح اس عمل کو 9 بار دہرایا جاتا ہے، اور نویں بیکنگ سائیکل میں درجہ حرارت 1000 ڈگری سیلسیس تک بڑھایا جاتا ہے۔
بیکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد، بانس کے نمک میں نیلے، پیلے، سرخ، سفید اور سیاہ کرسٹل ہوتے ہیں، اور اس میں ایک مخصوص مٹھاس ہوتی ہے، جسے گیمروجنگ (Gamrojung) ذائقہ کہا جاتا ہے، کیوں کہ نمک اس عمل کے دوران بانس کے ذائقے کو جذب کر لیتا ہے۔
اچھی طرح سے پکایا ہوا بانس کا نمک کا ایک مخصوص جامنی رنگ ہوتا ہے، جو 1,500 °C سے زیادہ درجہ حرارت پر تیار ہوتا ہے، یہ پورا عمل بہت محنت طلب اور وقت طلب ہے، جس کو مکمل ہونے میں 50 دن سے زیادہ کا وقت لگتا ہے۔ نمک کو پکانے کے لیے استعمال ہونے والی خصوصی بھٹیوں کو چلانے کے لیے ہنر مند کاریگروں کی ضرورت ہوتی ہے۔