پشاور : کے پی فوڈ اتھارٹی نے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے 34تندور سیل کرتے ہوئے مالکان پر10لاکھ روپے کے جرمانے عائد کردیے، 2250کلو مضر صحت آٹا بھی تلف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں تندوروں سے متعلق بڑا اقدام سامنے آگیا، خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں نان بائیوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی، مذکورہ رپورٹ کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
کے پی فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے پی میں 2138 تندوروں کا معائنہ اور رجسٹریشن ہوچکی ہے، ناقص صفائی اور فوڈ اسٹینڈرڈز کی خلاف وزری پر34تندور سیل کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 2250کلو مضر صحت آٹا تلف کردیا گیا، اس کے علاوہ روٹی میں گلوکوز کے استعمال پر تندور مالکان کیخلاف دس لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے۔
کے پی فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روٹی کی اخبار میں خریدو فروخت پر پابندی بھی عائد کی جاچکی ہے، تندوروں میں اسٹین لیس اسٹیل کی بجائے پلاسٹک کے برتنوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ تندور میں کام کرنے والوں کی ذاتی صفائی غیراطمینان بخش ہے، تندور والے کم غذائیت والے فورٹی فائیڈ آٹے کا استعمال کرتے ہیں،70سے80فیصد تک تندور فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز کے مطابق نہیں۔
رپورٹ میں پختونخوا کے تندوروں میں ہیلتھ ریفارمز ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تندوروں میں کام کرنے والے فوڈ اتھارٹی سے تربیت یافتہ ہونے چاہییں۔