پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے تمام شہریوں کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا اعلان کردیا، وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ مستفید شہری وزیراعظم اورپی ٹی آئی حکومت کودعائیں دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے تمام شہریوں کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا اعلان کردیا گیا، وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا یہ اقدام فلاحی ریاست کی جانب اہم قدم ہے، صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی پارٹی منشور کا اہم ترین جزو ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ مستفید شہری وزیراعظم اورپی ٹی آئی حکومت کودعائیں دے رہے ہیں، ماضی میں فراہمی صحت کے حوالے سے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیاگیا، سنگین بیماری میں مزدورطبقے کے پاس سسکنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تنخواہ دارطبقہ قرض کابوجھ سہتایامرض کےہاتھوں تکلیف برداشت کرتاتھا، ہیلتھ انشورنس ملنے سے کے پی میں قابل ذکرتحفظ حاصل ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کےپی حکومت کا یہ قدم فلاحی ریاست کےحصول کی منزل آسان بنائےگا، دیگر صوبے بھی کےپی حکومت کے نقش قدم پر چلیں اور عوام کی صحت و علاج کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔