پشاور: خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، ریٹرننگ افسر نے لکی مروت کے 4 تحصیلوں کے نتائج جار کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسر نےلکی مروت کی چاروں تحصیلوں کے نتائج جاری کردئیے ہیں، غیر حتمی نتائج کے مطابق تین پر آزاد امیدوار اور ایک پرجماعت اسلامی کا امیدوار کامیاب قرار پایا ہے۔
تحصیل غزنی خیل سے آزاد امیدوار ذیشان، تحصیل لکی مروت سےآزاد امیداوار شفقت اللہ، سب ڈوہژن بیٹنی پر اشفاق بیٹنی آزاد حیثیت میں کامیاب قرار پائے جبکہ تحصیل نورنگ کی سیٹ پر جماعت اسلامی کے امیدوار عزیزاللہ کامیاب ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: حالیہ بلدیاتی الیکشن جدید نظام کا آغاز ہے: وزیر اعظم
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں مولانا فضل الرحمان کی پارٹی جمعیت علماء اسلام تحصیل کونسل اور سٹی میئرز کی 64 میں سے 21 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔
اب تک موصول ہونے والے 58 نشستوں کے نتائج کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کرپائی ہے۔
واضح رہے کہ کے پی بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں غیر متوقع شکست پر پی ٹی آئی ارکان شش وپنج میں مبتلا ہیں اور انہوں نے شکست کی وجوہات جاننے کے لئے وزیراعظم سے بڑا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی پارٹی رہنماؤں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو آزادانہ انکوائری کی سفارش کی ہے، انکوائری ٹیم کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں دوسرے مرحلےکےانتخابات میں فیصلے ہوں گے۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پارٹی کی غیر متوقع شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان ذاتی اختلافات پس پشت ڈالیں اور عمران خان کی قیادت میں خود کومنظم کریں۔