لکی مروت :خیبرپختونخوامیں 2019 کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا، بھانہ منجی والامیں16ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد صوبہ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد5ہوگی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹيٹيوٹ آف ہیلتھ نے خیبر پختونخوا کےضلع لکی مروت میں 16 ماہ کی انعم میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی ہے۔
وی او ایمر جنسی آپریشن سنٹر خیبر پختو نخوا کا کہنا ہے کہ تحصیل سرائے نورنگ کے گاؤں بانا منجی والا میں پولیو کیس سامنے آنے کے بعد صوبہ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد5ہوگی ہیں۔
ایمر جنسی آپریشن سینٹر خیبر پختو نخوا کے مطابق 16 دسمبر 2018 کو مقامی شخص افضل خان کی 16 ماہ کی بیٹی انعم بیمار پڑ گئی تھی، جسے مقامی طبی مرکز لیجایا گیا تو وہاں موجود ڈاکٹر نے بچی میں پولیو کی علامات کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا۔
جس پر انعم کا اسٹول سیمپل لیبارٹری تجزیہ کے لئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد ارسال کیا گیا، این آئی ایچ اسلام آباد میں انعم کے اسٹول سیمپل کے تفصیلی لیبارٹری ٹسٹ کا رزلٹ انسدادپولیو کے لئے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر اسلام آباد اور بعد ازاں ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کو ارسال کی۔
جس کے مطابق ضلع لکی مروت کی 16 ماہ کی انعم کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ای او سی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ 2018میں صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 1ضلع چارسدہ، 1 ضلع لکی مروت، قبائلی ضلع باجوڑ سے 2 اور قبائلی ضلع خیبر سے پولیو کا 1 کیس رپورٹ ہوا۔
مقامی پولیو حکام کے مطابق پولیو سے متاثرہ 16 ماہ کی انعم کو 7 سے زائد مرتبہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئےتھے۔