پشاور: وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے گورنر سے سرکاری جامعات کی چانسلر شپ لے لی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سرکاری جامعات کی چانسلر شپ گورنر سے وزیر اعلیٰ کو منتقل ہو گئی، جس کے لیے یونیورسٹیز ایکٹ میں ترمیم کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کو چانسلر کے اختیارات منتقل کرنے کے لیے ایک مراسلہ بھی گورنر سیکریٹریٹ سے جاری کر دیا گیا ہے، جس میں جامعات کا تمام ریکارڈ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام زیر التوا مقدمات اور شکایات بھی وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے حوالے کی جائیں، مراسلے کے مطابق وی سیز کو مستقبل کی خط و کتابت وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر فیصل کریم کنڈی کے درمیان اختیارات کی کھینچا تانی کافی عرصے سے جاری ہے۔
نومبر 2024 میں صوبائی کابینہ نے جامعات کے قانون میں ترمیم کی تھی، ترمیم کے مطابق وائس چانسلرز کی مدت ملازمت 4 سال کی گئی ہے اور جامعات کے وائس چانسلرز کے تقرر کا اختیار بھی وزیر اعلیٰ کے پاس آ گیا ہے۔ ایکٹ میں کی گئی ترمیم کے مطابق وزیر اعلیٰ تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے چانسلر ہوں گے۔