پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے کرونا وبا کے باعث کئی ماہ سے بند اسکولز آئندہ ماہ سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جان لیوا وبا پر قابو پانے اور بچوں کو وبا سے بچانے کےلیے تدریسی عمل غیر معینہ مدت کےلیے معطل کیا گیا تھا جسے 15 ستمبر سے دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
صوبائی حکومت کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 6 اگست سے انتظامی و ٹیچنگ اسٹاف کو اسکول بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ این سی او سی اور کابینہ اجلاس میں منظوری کے بعد کیا گیا۔
محکمہ تعلیم نے تدریسی اور انتظامی اسٹاف کیلئے جاری اعلامیے میں تبایا گیا ہے کہ انتظامی اور تدریسی عملہ کورونا ایس او پیز کیلئے تیاری کریں گے، پرائمری اسکولز کی سطح پر 5 اور مڈل سطح پر7 سے زائد اسٹاف نہیں ہوگا۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولز میں اسٹاف 10 سے زائد نہیں ہوگا جبکہ پرائیویٹ اسکولز جہاں آن لائن کلاسز نہ ہو وہاں 10 اسٹاف ممبران کی اجازت ہوگی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا تھا کہ آن لائن کلاسز کی صورت میں 30 فیصد سے زائد عملے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اعلامیے میں صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام اسٹام ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں گے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسکول کو بند کردیا جائے گا یا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پنجاب میں تعلیمی ادارے کھولنے کی تاریخ کا اعلان
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بھی 15 ستمبر سے تدریسی عمل دوبارہ سے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔