اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تیاری کریں۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا ہے، اسلام آباد میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آفس میں سماعت ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی زیر صدارت 3رکنی بینچ نے سماعت کی، اس موقع پر خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ہم صوبے میں قانون کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال ابھی مکمل طور پر واضح نہیں ہے، ہم نے الیکشن کمیشن کو مارچ کی تاریخ دی تھی جومنظور نہ ہوئی۔
ایڈووکیٹ جنرل کے پی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ دوبارہ صوبائی کابینہ کے سامنے رکھا ہے،
بلدیاتی الیکشن کا پہلا فیز نومبر میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔
اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تمام صوبوں کو سن کر بلدیاتی الیکشن پر آرڈر پاس کریں گے، آپ تین دن میں صوبائی کابینہ سے مشاورت کے بعد پلان دے دیں۔
چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ آپ فیصلے کی طرف دیکھنے کی بجائے انتخابات کی تیاری کریں، بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے خیبر پختونخوا حکومت سے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرکے اگلی تاریخ تک سماعت ملتوی کردی۔