پشاور: سوات سے تعلق رکھنے والی تائی کوانڈو میں ننھی عالمی میڈلسٹ عائشہ ایاز کی مزید تربیت کے لیے کے پی حکومت نے وادیٔ سوات میں تائی کوانڈو میٹ لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے عالمی میڈلسٹ عائشہ ایاز کے لیے سوات میں تائی کوانڈو میٹ لگانے کا اعلان کر دیا۔
قبل ازیں 8 سالہ ننھی تائ کوانڈو عالمی میڈلسٹ عائشہ ایاز نے کے پی کے وزیرِ اعلی آفس کا دورہ کیا۔
وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے عائشہ ایاز کو 2 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا، گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سینئر وزیر عاطف خان نے بھی پاکستان کی کم عمر ترین تائی کوانڈو ایتھلیٹ کو ایک لاکھ روپے انعام دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سینئر وزیر عاطف خان کا نیشنل چیمپئن عائشہ کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان
سینئر وزیر نے کہا تھا کہ خیبر پختون خوا کے باصلاحیت بچوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے، کھیلوں کے ذریعے پاکستان کا بہتر امیج اجاگر کر رہے ہیں۔
گیارہ فروری کو وزیرِ اعظم عمران خان نے عائشہ ایاز کو ملاقات کی دعوت دی تھی، عائشہ نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ عمران خان سے ملنا چاہتی ہے، عائشہ نے یو اے ای میں تائی کوانڈو مقابلے میں کانسی کاتمغہ جیتا تھا اور اپنی کام یابی وزیراعظم عمران خان کے نام کی تھی۔